اسلام آباد:(اے پی پی)کل بھوشن یادیوکی گرفتاری اور ملک میں را کی مداخلت پر حکومت نے بین الاقوامی برادری کو آگاہ کرنے کیلئے حکمت عملی بنالی، داخلہ، خارجہ اور دفاع کے حکام پر مشتمل وفود مختلف ممالک کو بھجوایئے جائیں گے۔ حکومت نے ملک میں را کی مداخلت کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کیلئے موثر سفارتی مہم چلانے کی تیاری کرلی ،ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاوس میں اہم اجلاس میں بھارتی مداخلت کے معاملے کو تین مراحل میں بین الاقوامی برادری کے سامنے رکھا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں پاکستان میں تعینات سفیروں کو بریفنگ دی جائے گی، دوسرے مرحلے میں دنیا بھر میں تعینات پاکستانی سفیر ممالک کے سربراہان سے رابطہ کریں گے، تیسرے مرحلے میں وزارت داخلہ ، خارجہ اور دفاع کے حکام پر مشتمل پاکستانی وفود مختلف ممالک کا دورہ کریں گے اور بین الاقوامی برادری کو بھارتی مداخلت اور دہشت گرد تنظیموں کی معاونت سے آگاہ کریں گے۔