لاہور: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر فوج تیار ہے دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے لاہور گیریژن میں فوج کے تربیتی مرکز کا دورہ کیا، آرمی چیف کے ہمراہ کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی بھی تھے۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے تربیتی مرکز میں افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں پاک فوج کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے ہروقت تیار ہیں ۔
سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کسی بھی منفی پروپیگنڈے کے ذریعے بدنام اور دباؤ میں نہیں لایا جاسکتا، دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔