اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف نے فرانس کے شہر نیس میں دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ‘ وزیراعظم نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں فرانس کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ جمعہ کو وزیراعظم نواز شریف نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ فرانس کے شہر نیس میں حملے کی مذمت کرتے ہیں اور حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ہمارے جذبات اور دعائیں حملے میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم نے حملے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف ہر اول ملک کی حیثیت سے بہت نقصان اٹھائے ہیں فرانس کی عوام کا دکھ اور تکلیف محسوس کرتے ہیں۔ دکھ کی اس گھڑی میں فرانس کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور پاکستان کسی بھی جگہ ہونے والی دہشت گردی کے خلاف عزم مصمم سے کھڑا ہے۔ (ن غ)