واشنگٹن(آئی این پی ) امریکا نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان نے 2015 میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا کا بھرپور ساتھ دیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق پاکستان کو ملک میں درپیش مسائل کے باوجود دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کیے لیے امریکا کے شانہ بشانہ کھڑا رہا۔ پاکستانی حکومت نے ملک کے مختلف علاقوں دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے انسداد انتہا پسندی کے سینٹر قائم کیے، ان سینٹرز کے قیام کا مقصد مذہب کی ’درست تعلیم‘ ، فنی تربیت، ذہن سازی اور تھراپی کرناہے۔ امریکی محمکہ خارجہ نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان نے ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے نیشنل ایکشن پلان نافذ کیا۔ نیشنل ایکشن پلان کا مقصد دہشت گردی اور شدت پسندی کے واقعات سے فوری طورپر پر نمٹانا تھا۔ پاکستان افواج نے شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کرنے کے لیے فضائی حملے کئے اور ان سے خطرناک ہتھیار بھی برآمد کیے۔