اسلام آباد:(اے پی پی) دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن’’ضرب عضب‘‘ میں متاثر ہونے والے بے گھر افراد (آئی ڈی پیز) کے تیسرے مرحلے کے آغاز کے بعد شمالی وزیرستان کے بے گھر خاندانوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے ، اب تک ایک ہزار641 خاندان واپس اپنے علاقوں میں پہنچ گئے ہیں، واپس جانے والے خاندانوں میں 25 ہزار روپے جبکہ 10 ہزار ٹرانسپورٹ کی مد میں فراہم کئے جارہے ہیں۔ فاٹا ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے جاری اعدادوشمار کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب میں متاثر ہونے والے بے گھر افراد (آئی ڈی پیز) کے تیسرے مرحلے کے آغازکے موقع پر اب تک ایک ہزار 641 خاندان واپس اپنے آبائی علاقوں میں پہنچ گئے ہیں جن میں ایک ہزار66 خاندانوں کو نادرا نے تصدیق کیا ہے جبکہ 575 خاندان غیررجسٹرڈ ہیں۔ حکام کے مطابق واپس جانے والے خاندانوں میں مالی امداد کے طور پر25 ہزار روپے بذریعہ اے ٹی ایم کارڈ جبکہ 10 ہزار اپنے ٹرانسپورٹ کی مد میں بھی بذریعہ موبائل سم کے ذریعہ ادا کئے جارہے ہیں، واپس جانے والے خاندانوں میں اقوام متحدہ کے ادارے برائے ورلڈ فوڈ پروگرام کے ذریعہ چھ ماہ کیلئے مفت خشک راشن اورخیمے دیئے جارہے ہیں۔ حکام کے مطابق واپس جانے والے خاندانوں کے بچوں کو مختلف چیک پوسٹوں پر2658 بچوں کو پولیسو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے جبکہ اس موقع پر938 مریضوں کا علاج بھی کیا گیا ہے۔