راولپنڈی (ملت + آئی این پی) دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کا آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ، مہمند ایجنسی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 6 اہم دہشتگردوں سمیت 15 شدت پسند ہلاک جب کہ 20 سے زائد زخمی ہو گئے ۔ پاک فوج نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کسی بھی دہشتگرد کو نہیں چھوڑیں گے ۔ پیر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ رات مہمند ایجنسی میں سرحد پار حملے پر پاک فوج نے موثر جوابی کارروائی کی ۔ جس کے نتیجے میں 15 دہشتگرد ہلاک ہو گئے ۔ فائرنگ کے تبادلے میں 20 دہشتگرد زخمی بھی ہوئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی میں چھ اہم دہشتگردوں کے مارے جانے کی مصدقہ اطلاعات ہیں ۔ ان دہشتگردوں میں کچے باجوڑی زر محمد عرف مدنی، حذیفہ ، سنگرے، لاکھاری اور سنگین شامل ہیں ۔ آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشتگردوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی ۔ پاک فوج کسی بھی دہشتگرد کو نہیں چھوڑے گی۔ ۔۔۔(م د)