ملتان:(ملت آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملتان گیریژن کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی۔ دہشت گردی اور شدت پسندی کی بنیادی وجوہات ختم کرنے کی ضرورت ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملتان گیریژن کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران آرمی چیف نے آرمر فارمیشن کی تربیتی مشقیں دیکھیں۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ شدت پسندی کے خلاف آپریشنز کے بعد استحکام کے لیے آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔ دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور شدت پسندی کی بنیادی وجوہات ختم کرنے کی ضرورت ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم شرپسند عناصراورغیرملکی دشمن قوتوں سے نبرد آزما ہیں۔ سماجی اور اقتصادی ترقی کی کوششوں کی حمایت کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ عناصر دانستہ اور غیر دانستہ طور پر ملک کو تصادم کی طرف لے جا رہے ہیں۔ ریاست میں مذہب، لسانیت اور کسی اور بنیاد پر انتشار پھیلنے نہیں دیں گے۔ امن و ترقی اور استحکام قانون کی پاسداری سے ہی ممکن ہے۔