قومی دفاع

دہشت گردی کو کسی مذہب سے نہیں جوڑنا چاہئے ،سرتاج عزیز

استنبول:(اے پی پی)مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانات اور تقاریر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کو کسی مذہب سے نہیں جوڑنا چاہئے مشکلات کے اس دور میں مسلم امہ کے اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔ استنبول میں او آئی سی وزارتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ مسلم امہ کو اس وقت بہت سے مسائل کا سامنا ہے، پناہ کے متلاشی مہاجرین کو ناقابل برداشت مشکلات درپیش ہیں اور ممالک بحران کا شکار ہیں جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور پوری دنیا کو اس سے خطرہ ہے،دہشت گردی کو کسی مذہب سے جوڑنا درست نہیں۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانات اور تقاریر پر شدید تشویش ہے ایسے بیانات مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک ہے۔ مسلمانوں کو آج جو مشکلات درپیش ہیں اس وقت مسلم امہ کے اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔ او آئی سی کو مسلم امہ کے اختلافات ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔