اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلا ف جاری آپریشن ضرب عضب کے فوائد سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں ، پاکستان تمام دہشتگرد گروہوں کیخلاف جنگ جاری رکھے گا اور اپنی سرزمین کسی بھی دہشت گرد کارروائی کیلئے استعمال نہیں ہونے د ے گا، پاک چین اقتصادی راہ داری کی تکمیل سے دونوں ملکوں کی دوستی ، اقتصادی تعلقات مزید مستحکم اور ان میں وسعت آئے گی ، ایسی علاقائی اور عالمی طاقتیں جو اپنے مفادات کی خاطر سی پیک کو نہیں دیکھنا چاہتیں ان سے پاکستان اور چین کو محتاط رہنا چاہیے ،پاکستان ہر سطح پر سی پیک کیخلاف ہر سازش کو ناکام بنانے کیلئے مصروف عمل ہے ، دونوں ممالک کو دہشت گردی ، انتہا پسندی کی روک تھا م کیلئے انٹیلی جنس شیئرنگ کو بڑھانا چاہیے۔وہ جمعرات کو پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چین کے وزیر برائے قومی سلامتی جینگ ہوئی چانگ کی سربراہی میں ملاقات کر نے والے چینی سیکیورٹی وفد سے گفتگو کر رہے تھے ۔چینی سیکیورٹی وفد میں چینی انسداد دہشت گردی ،ٹیکنیکل اور چینی انٹیلی جنس کے حکام شامل تھے ۔ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہ داری کی سیکیورٹی اور دہشت گردی کی روک تھام کیلئے دونوں ممالک کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے مابین معلومات کے تبادلے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہپاکستان اور چین کے مابین انسداد دہشت گردی، سیکورٹی، انٹیلی جنس شیئرنگ، اور تجارت کے میدان میں توسیع 21ویں صدی کی اہم شراکت داری ہوگی ، پاک چین اقتصادی راہ داری کی تکمیل سے دونوں ملکوں کی دوستی اور اقتصادی تعلقات مزید مستحکم ہونگے اور دونوں ممالک کے تعلقات میں وسعت آئے گی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ سی پیک سے دونوں ممالک کے مابین اور خطے میں تجارت کو مزید فروغ ملے گا ،سی پیک منصوبہ صرف دونوں ممالک کے مابین سرکاری منصوبہ نہیں بلکہ سی پیک پاک چین تعلقات میں تزویراتی گہرائی پر مرکوز ہے ،وزیر داخلہ نے کہا کہ ایسی عالمی طاقتیں جو اپنے مفادات کی خاطر سی پیک کو نہیں دیکھنا چاہتیں ان سے پاکستان اور چین کو محتاط رہنا چاہیے ۔پاکستان ہر سطح پر سی پیک کیخلاف ہر سازش کو ناکام بنانے کیلئے مصروف عمل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو دہشت گردی ، انتہا پسندی اور تشدد کی روک تھا م کیلئے انٹیلی جنس شیئرنگ کو بڑھاناچاہیے ۔وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ دہشت گردی کیخلا ف جاری آپریشن ضرب عضب کے فوائد سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں ، پاکستان تمام دہشتگرد گروہوں کیخلاف جنگ جاری رکھے گا،اور اپنی سرزمین کسی بھی دہشت گرد کارروائی کیلئے استعمال نہیں ہونے دیں گئے۔ملاقات میں وزیر داخلہ نے چینی سیکویرٹی وفد کو یقین دہانی کرائی کہ سی پیک سمیت پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کر نے والے چینی انجینئر ز کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس حوالے سے پاک آرمی کا سپیشل سیکیورٹی ڈویژن کام کر رہا ہے۔اس موقع پر چینی وزیر جینگ ہوئی چانگ نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔(رڈ)