نیویارک:(اے پی پی)اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کے زیر انتظام سانحہ لاہور میں جاں بحق ہونے والے افراد کی یاد میں تعزیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پرجاں بحق ہونے افراد کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اوردیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ اس موقع پر امریکی خاتون رکن کانگر یس کیرولین میلونی نے اپنے خطاب میں لاہور میں ہونے والی دہشت گردی کی بہیمانہ کارروائی میں جاں بحق ہونے والوں کے پسماندگان سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے یہ حملے اس جنگ میں عالمی برادری کا حوصلہ پست نہیں کرسکتے۔ کیرولین میلونی نے پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کواظہار افسوس کے لیے پھول پیش کیے۔ کیرولین میلونی نے کہا کہ امریکی صدر اور دفتر خارجہ نے لاہور سانحے کی مذمت کی ہے اور وہ ذاتی طور پر پاکستان کے عوام سے اظہار افسوس کرنا چاہتی ہیں۔ اس موقع پرخطاب کرتے ڈاکٹرملیحہ لودھی نے کہاکہ ایسے افسوسناک واقعات دہشت گردی کے خلاف پاکستانی عوام اور افواج کے عزم کو کم نہیں کرسکتے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے۔ انھوں نے کہا کہ دنیا بھر سے عالمی رہنماؤں نے سانحہ لاہور کی مذمت کی ہے اور پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور آج رکن کانگرس کی یہاں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پوری عالمی برادری پاکستان کے ساتھ ہے۔این این آئی کے مطابق سانحہ لاہورمیں جاں بحق ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں شمعیں روشن کی گئیں۔