سوات /راولپنڈی(ملت + آئی این پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ فاٹا اور مالاکنڈ میں ترقیاتی کام فوج کی ترجیح ہے ‘ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سوات کے عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں ‘ عوام نے دہشت گردوں کو نکال باہر کرنے کیلئے فورسز کا بھرپور ساتھ دیا۔ جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے مینگورہ ‘ کانجو اور خوازہ خیلہ کا دورہ کیا اور سوات میں فوجی چھاؤنی کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر اعلیٰ اور گورنر کے پی کے آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے سوات کے عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ عوام نے دہشت گردوں کو نکال باہر کرنے کیلئے فورسز کا بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے کہاکہ فوجی چھاؤنی سوات میں دیر پا امن اور استحکام میں معاون ثابت ہو گی اور اس سے قانون نافذکرنے والے تمام اداروں کا اعتماد مزید مستحکم ہو گا۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ چھاؤنی سے علاقے میں سماجی اور اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔ فاٹا اور مالاکنڈ میں ترقیاتی کام فوج کی ترجیح ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے میں فوج کے کردار کو عالمی سطح پر تسلیم کیاگیا۔ آرمی چیف نے شیخ خلیفہ بن زید ماڈل ہسپتال اور زیر تعمیر آرمی پبلک سکول کا دورہ کیا۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے سفیر عیسیٰ عبداللہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔