کراچی(ملت آن لائن)چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ افغانستان سے آپریٹ کررہی ہے اور آپریشن ردالفساد کا مقصد را کےمذموم عزائم کو ناکام بنانا بھی ہے۔
پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں 107ویں مڈشپ مین، 16ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، جس میں 100 افسران پاس آوٹ ہوئے، ان میں بحرین،قطر اورسعودی عرب کے 28 کیڈٹس بھی شامل ہیں۔
تقریب سے خطاب کے دوران مہمان خصوصی چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمود حیات نے کہا کہ وہ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارک باد پیش کرتے ہیں، پاکستان نیوی کا ملکی دفاع اورسلامتی میں مرکزی کردار ہے، پاکستان سے وفاداری ہم سب کی پہلی ترجیح ہے اور پاکستان کی مسلح افواج قومی اتحاد اورطاقت کا مظہرہیں۔
جنرل زبیرمحمود حیات نے کہا کہ سی پیک کی ترقی میں گوادربندرگاہ کو بنیادی حیثیت حاصل ہے اور پاکستان کی ترقی میں گوادر بندرگاہ انتہائی اہم ہے، علاقائی مسائل کےحل کے لیے پاکستان کواہمیت حاصل ہے، پاکستان کا امن اوراستحکام دنیا کے مفاد میں ہے، پاکستان پرامن بقائے باہمی پریقین رکھتا ہے، آپریشن ردالفساد محض ایک مہم نہیں بلکہ اس کا مقصد دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے کے علاوہ ملک دشمن ایجنسیوں بالخصوص ’’را‘‘ کےمذموم عزائم کو ناکام بنانا ہے، ’’را‘‘ افغانستان سے آپریٹ کررہی ہے اور وہ بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہے۔