راجن پور:(آئی این پی ) راجن پور میں فوج نے چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن کی تیاری مکمل کر لی ، کچے کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کر دیئے گئے ہیں ، آپریشن میں گن شپ ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیے جائیں گے ۔ کچے کے علاقے میں فوج پکا آپریشن کرنے کو تیار ہے ، پنجاب پولیس کی ناکامی کے بعد فوج اور رینجرز نے آپریشن آہن کی قیادت سنبھال لی ۔چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن میں فضائی اور زمینی کارروائی کی جائے گی ۔ فوجی جوانوں کو گن شپ ہیلی کاپٹروں کی مدد بھی حاصل ہے ۔ علاقے میں کرفیو نافذ ہے اور کچے کے داخلی اور خارجی راستے سیل کر دیئے گئے ہیں تا کہ کوئی ڈاکو نکلنے نہ پائے ۔ فوجی جوانوں نے ستائیس پولیس چوکیوں کا کنٹرول بھی سنبھال لیا ہے جبکہ تھانہ شاہوالہ کا کنٹرول رینجرز کے پاس ہے ۔