اسلام آباد:(آئی این پی )افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل جان ایف کیمبل نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے الوداعی ملاقات کی ۔ آرمی چیف نے کور ہیڈ کوارٹرز چکلالہ کا دورہ بھی کیا ۔ جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات میں افغانستان میں جاری مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ امریکی فوج کے کمانڈر نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی بھی تعریف کی ۔ آپریشن ضرب عضب میں اس کی کامیابیوں کو بھی سراہا ۔ جنرل کیمبل نے یادگار شہداء پر پھول بھی چڑھائے ۔ دوسری جانب آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کور ہیڈ کوارٹرز چکلالہ کا دورہ کیا جہاں انہیں آپریشنل اور سیکورٹی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ٹین کور کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا ، انہوں نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے ، فاتحہ خوانی بھی کی ۔