راولپنڈی :(اے پی پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی تصاویر والے بینرز ملک کے مختلف شہروں میں آویزاں کردیئےگئے،جن پر لکھا ہوا ہے کہ جانے کی باتیں پرانی ہوئیں خدا کے لیے اب آجاؤ.‘موو آن پاکستان’ نامی تنظیم کی جانب سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی تصویر والے بینرز لاہور،کراچی،پشاور،کوئٹہ،راولپنڈی،فیصل آباد، سرگودھا اور حیدرآباد کی مختلف شاہراہوں پر لگائے گئے ہیں.اسپیشل برانچ کے حکام کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں کی معروف شاہراہوں حیدر روڈ،مڑی روڈ،کشمیر روڈ پر لگائے گئے آرمی چیف کی تصویر والے پوسٹرز کااتار دیے گئے.یہ بینرز ایک غیر معروف سیاسی جماعت کی طرف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اس دو ٹوک بیان کے بعد لگائے گئے جس میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنی مدت ملازمت پوری ہونے پر ریٹائر ہو جائیں گے. بینرز لگانے والی موو آن نامی سیاسی جماعت الیکشن کمیشن میں رجسٹر ہے اور یہ جماعت 15 جولائی سے ملک کے مختلف حصوں میں اس سے متعلق مہم شروع کرنے کا اعلان بھی کر چکی ہے. رواں سال جنوری میں ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان جاری کیا گیا،جس میں کہا گیا تھا کہ آرمی چیف اپنی مدت ملازمت میں توسیع نہیں لیں گے،جبکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے متعدد بار جمہوریت کے تسلسل اور حمایت کی گئی ہے.