پشاور/خیبر ایجنسی (ملت + آئی این پی) دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج کا آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری،سیکیورٹی فورسز کی خیبر ایجنسی کے علاقے جمرود شاہ کس میں کارروائی کے دوران 6دہشتگرد مارے گئے،آپریشن میں بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا گیا جبکہ ملک کے مختلف حصوں میں تلاشی کی کارروائیوں میں 226مشتبہ افراد کوگرفتار کرلیا گیا جبکہ مزید کارروائیاں جاری ہیں ۔جمعہ کو سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرایجنسی کے علاقے جمرود شاہ کس میں سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ آپریشن کیا۔آپریشن ردالفساد کے تحت کی گئی کارروائیوں میں خیبرایجنسی کے مختلف علاقوں میں چھ دہشتگرد مارے گئے۔ذرائع کے مطابق کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔ دریں اثناء ملک کے مختلف حصوں میں تلاشی کی کارروائیوں کے دوران دو سو چھبیس مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کیاگیا۔ ذرائع کے مطابق بنوں سے ایک سو اسی مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ پشاور سے ستائیس افراد کو گرفتار کیا گیا۔پولیس نے پشین ، قلعہ عبداللہ اور چاغی میں ضروری دستاویزات کے بغیر رہنے والے آٹھ افغان باشندوں کو گرفتار کیا۔کراچی میں دو افغان باشندوں سمیت گیارہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ان کے قبضے سے اسلحہ ، گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ شب ضلع بنوں کے علاقہ جانی خیل میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں کم ازکم چاردہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔ جبکہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ خاور اورنائیک شہزادبھی دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہوگئے جن کی نمازجنازہ جمعہ کو اداکی گئی ۔۔۔۔(خ م)