رسالپور(اے پی پی)رسالپور میں پاک فضائیہ کی ایک سو سولہویں نان جی ڈی کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ تقریب ہوئی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر عراقی ائیر فورس لیفٹیننٹ جنرل انور حامد امین تھے ۔ پاک فضائیہ کی شیر دل ٹیم نے فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا ۔ تقریب میں ایئر چیف مارشل سہیل امان بھی موجود تھے ۔ مہمان خصوصی لیفٹیننٹ جنرل انور حامد امین کمانڈر عراقی ائیر فورس نے گارڈ آف آنر کا استقبال کیا ۔ اس موقع پر بینڈ فضا میں مسحور کن دھن بکھیرتا رہا ، کیڈٹس کے چاک و چوبند دستے نے مہمان خصوصی کو سلامی دی ۔ اس موقع پر عراق کے قومی ترانے کی دھن بجائی گئی جبکہ پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا گیا ۔ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا فرائض کی بجا آوری کے ساتھ کیڈٹس اپنی تعلیمی استعداد پر بھی توجہ دیں ۔ تقریب میں 53 پاکستانی جبکہ 17 عراقی کیڈٹس پاس آؤٹ ہوئے ۔ مہمان خصوصی نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو بیجز لگائے اور اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں ٹرافیاں تقسیم کیں ۔