قومی دفاع

رعد البرق جنگی مشقیں، جنگی ہتھیاروں کی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ

ملتان/بہاولپور /خیرپورٹامیوالی(ملت + آئی این پی)بھارت کیساتھ سرحد کے قریب پاک فوج اورپاک فضائیہ کی مشترکہ جنگی مشقوں رعد البرق میں دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے جنگی ہتھیاروں کی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔وزیراعظم میاں نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف جنگی مشقوں کے معائنہ کیلئے ملتان پہنچے ،جہاں سے وہ خیرپورٹامیوالی روانہ ہوئے اور پاک فوج اور پاک فضائیہ کی مشترکہ جنگی مشقوں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر کورکمانڈر ملتان لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم نے شرکا کو بریفنگ دی ۔ رعد البرق مشقوں میں مشیر قومی سلامتی نا صر جنجوعہ،وزیر دفاع خواجہ آصف،وزیر خزانہ اسحاق ڈار،اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق،چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود،سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل سہیل امان اور نیول چیف ایڈ مرل ذکا اللہ سمیت دیگر سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔مشقوں کا معائنہ کرنے کے لیے مختلف ممالک کے سفیر اور سعودی مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر چین اور دیگر ملکوں کے فوجی مبصرین نے بھی مشقوں کا معائنہ کیا۔مشقوں کے معائنے کے دوران پاکستانی ساختہ الخالد ٹینکوں، زمین سے فضا میں مار کرنے والے راکٹ لانچرز، جے ایف تھنڈر 17 طیاروں، کوبرا گن شپ اور زیڈ ٹین ہیلی کاپٹرز سمیت دیگر سامان حرب نے اپنے اہداف کو درست طریقے سے نشانہ بنایا۔اس موقع پر پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز کی جانب سے زمین پر اہداف کونشانہ بنایا گیا۔ جدید صلاحیت سے لیس پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز کے ہمراہ ائیرڈیفنس نے بھی بھرپور حصہ لیا۔اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل ندیم اشفاق نے شرکا کو مشقوں میں استعمال ہونے والے مختلف ہتھیاروں کے بارے میں بریفنگ دی۔ان کا کہنا تھا کہ مشقوں کا مقصد پاک فوج کی استعداد کار اورصلاحیت میں اضافہ کرنا ہے،رعد البرق مشقیں پاک فوج کی بے مثال صلاحیتوں کی مظہر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جارحیت کا بھر پور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔مشقوں کے دوران بھاری آرٹلری،ٹینک اور لڑاکہ طیاروں نے حصہ لیا۔اس موقع پر پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے انتہائی کامیابی کے ساتھ اپنے اہداف کو نشانہ بنا یا جبکہ مشقوں میں شامل ٹینکوں اور آرٹلری نے بھی اپنے اہداف حاصل کیے۔یادرہے کہ بھارت گزشتہ چند ماہ سے مسلسل سرحدی حدود کی خلاف ورزی کررہا ہے جس سے سویلین آباد ی متاثر ہورہی ہے اور گزشتہ دنوں میں رات کی تاریکی میں کی گئی بزدل دشمن کی کارروائی میں سات فوجی جوان شہید ہوگئے تھے۔دوسری طرف پاکستان کی فضائی اور بری افواج کی تیاریوں اور مشقوں پر بھارتی میڈیا کو آگ لگ گئی اور اسے پاکستان کی جارحیت قراردیا جارہاہے۔