اسلام آباد: روس کے صدر ولادی میرپیوٹن نے رواں برس جولائی میں روسی کوہ پیما ایلگزینڈر گوکوف کو ریسکیو کرنے والے 4 پاکستانیوں کو ‘آرڈر آف فرینڈشپ’ اعزاز سے نوازا ہے۔
روس کے سرکاری اخبار رشین گزٹ میں جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق، ‘قاضی محمد، عابد رفیق، محمد انزہم رفیق اور فخر عباس کو روسی کوہ پیما کو بچانے کے لیے کیے گئے آپریشن میں حصہ لینے پر آرڈر آف فرینڈشپ اعزاز سے نوازا گیا ہے۔’
پاک فوج نے لاتوک چوٹی پر 6 دن سے پھنسے روسی کوہ پیما کو ریسکیو کرلیا
واضح رہے کہ روسی کوہ پیما ایلگزینڈر گوکوف کو 31 جولائی کو ریسکیو کیا گیا تھا جو 25 جولائی سے 20 ہزار 650 فٹ کی بلندی پر لاتوک پیک پر پھنسا ہوا تھا۔
روسی کوہ پیما کے پاس تین روز سے کھانے پینے کی اشیا بھی ختم ہوگئی تھیں۔
ایلگزینڈر گوکوف کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کیے گئے انتہائی مشکل آپریشن کے بعد ریسکیو کیا گیا تھا۔