راولپنڈی (ملت آن لائن + آئی این پی) روس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں اور خطے میں استحکام لانے کی کوششوں کو سراہا ہے جبکہ پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے فاٹا سے ہر رنگ ونسل کے دہشتگردوں کا خاتمہ کردیا ہے ۔جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق روس کے ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف کرنل جنرل اسراکوف سرگئی کی سربراہی میں روسی فد نے شمالی وزیرستان کے صدرمقام میران شاہ اور جنوبی وزیرستان کے صدرمقام وانا کا دورہ کیا۔روسی و فد کو فاٹاکو ہررنگ ونسل کے دہشتگردوں سے پاک کرنے کیلئے پاک فوج کی کوششوں پر بریفنگ دی گئی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق روسی وفد کو پاک افغان بارڈر مینجمنٹ اور علاقے میں پائیدار استحکام کیلئے سماجی واقتصادی ترقیاتی منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی ۔روسی وفد نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں اور خطے میں استحکام کیلئے کوششوں کو سراہا ۔لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ اور کور کمانڈر پشاور بھی وفد کے ہمراہ موجود تھے ۔