قومی دفاع

رینجرز اختیارات پر سندھ حکومت کی شرائط مسترد، وزارت داخلہ کا نوٹیفکیشن جاری

ڈی جی خان

اسلام آباد (ملت آن لائن) وزارتِ داخلہ نے سندھ حکومت کی جانب سے مخصوص شرائط کے ساتھ رینجرز کو اختیارات دینے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے صوبے میں رینجرز کے قیام میں مزید توسیع اور اختیارات کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

وزارت داخلہ نے سندھ میں رینجرز کے خصوصی اختیارات میں توسیع اور قیام کا بھی نوٹی فکیشن جاری کردیا جس میں سندھ حکومت کی جانب سے مخصوص شرائط کے ساتھ رینجرز کو اختیارات دینے کی تجویز مسترد کردی گئی ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں رینجرز کو اختیارات انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997کے تحت تفویض کیے گئے ہیں اور رینجرز کے قیام میں 90 روز کی توسیع کی گئی ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے سندھ حکومت کو جوابی مراسلہ بھیجا گیا جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی قانون پر کسی قسم کی قدغن لگائی جاسکتی ہے اور نہ ہی اس قانون کی متعلقہ شقوں کو جزوی طور پر علیحدہ یا بدلا جاسکتا ہے، صوبائی حکومت کی جانب سے بھیجی جانے والی سفارشات کا قانون کے دائرہ کار میں ہونا ضروری ہے جب کہ رینجرز اختیارات کے سلسلے میں صوبائی حکومت کی تجاویزمتعلقہ قانون کے زمرے میں نہیں آتیں اس لیے رینجرز اختیارات کے حوالے سے صوبائی حکومت کی تجویز کردہ شرائط کو نوٹیفکیشن کا حصہ نہیں بنایا گیا۔