اسلام آباد: (آئی این پی) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ تمام دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جا رہی ہے۔ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کا انفراسٹرکچر تباہ ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان، عراق، لیبیا اور شام کی صورتحال سامنے ہے۔ مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بھارت کےساتھ تمام ایشوز پر جامع مذاکرات ہوں۔ سازشوں سے پاک چین تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ امریکا نے جوہری پروگرام پر قدغن لگانے کی کوشش کی۔ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ ڈرون حملوں کا معاملہ گزشتہ حکومتوں کی پالیسی کا نتیجہ ہے۔ موجودہ حکومت نے قومی سلامتی پر سمجھوتہ نہ کرنے کا ٹھوس موقف اپنایا۔ 2013ء میں 117 ڈرون حملے ہوئے۔ رواں سال تعداد صرف 3 ہے۔ افغانستان کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بہتر سرحدی انتظام پاکستان اور افغانستان دونوں کے حق میں ہے۔ افغان عوام پر مشتمل مفاہمتی عمل کی حمایت جاری رکھیں گے۔