راولپنڈی: (آئی این پی) پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا۔ اڑی سیکٹر میں بھارتی فوج کے بریگیڈ ہیڈکوارٹرز پر ہونے والے حملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان نے بھارت کی جانب سے لگایا گیا دراندازی کا الزام مسترد کر دیا۔ بھارتی درخواست پر ہونے والے رابطے میں پاکستانی ڈی جی ایم او نے بے بنیاد اور قبل از وقت الزامات کو مسترد کرتے ہوئے بھارتی ہم منصب پر واضح کیا کہ اگر ان کے پاس کوئی ایسے شواہد ہیں جن کی بنیاد پر کارروائی کی جا سکتی ہے تو پاکستان کو فراہم کئے جائیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی جانب سے دراندازی ممکن ہی نہیں ہے، نہ ہی کسی کو اس کی اجازت ہے، لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری کے دونوں جانب سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات ہیں۔