سری نگر (مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ وادی میں بھارتی جارحیت جاری ہے ، کپواڑہ میں مزید چار نوجوان بھارتی درندگی کی بھینٹ چڑھ گئے ، چوبیس گھنٹوں میں بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید کشمیریوں کی تعداد بارہ ہوگئی ۔ ڈھونگ انتخابات اور کشمیریوں کے قتل کے خلاف وادی میں آج سے دو روزہ ہڑتال ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں ڈھونگی انتخابات میں بدترین شکست پر بھارت سرکار بوکھلا گئی ۔ کپواڑہ کے کیرن سیکٹر میں بھارتی فوج نے فائرنگ کرکے مزید چار کشمیریوں کو شہید کر دیا ۔ گزشتہ روز بھی انتخابات کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر گولیاں برسائی گئیں جس سے 2 بچوں سمیت 8 کشمیری شہید جبکہ 200 زخمی ہوگئے ۔ کشمیریوں کے قتل کے خلاف حریت رہنماؤں کی کال پر وادی میں آج سے 2 روزہ ہڑتال ہے ۔ وادی میں بھارت مخالف ریلیاں نکالی جائیں گی ، کٹھ پتلی انتظامیہ نے سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق ، محمد یاسین ملک ، شبیر احمد شاہ سمیت تمام حریت رہنماؤں کو نظر بند یا جیلوں میں بند کر رکھا ہے ۔