قومی دفاع

سیاچن میں پاک فوج کے 5 جوان برفانی تودے تلے دب گئے

سیاچن میں پاک فوج کے 5 جوان برفانی تودے تلے دب گئے

اسکردو:(ملت آن لائن) سیاچن سیکٹر میں برفانی تودے کی زد میں آکر پاک فوج کے 5 جوان لاپتہ ہوگئے ہیں۔ دنیا کے بلند ترین محاذ جنگ سیاچن میں برفانی تودہ گرنے سے پاک فوج کے 5 جوان دب گئے ہیں جن کی تلاش کے لئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ لاپتہ ہونے والے جوانوں کی تلاش کے لئے پاک فوج کے دستے سمیت علاقائی باشندے بھی مصروف ہیں جب کہ بھاری مشینری کا بھی استعمال کیا جارہا ہے تاہم تاحال کسی زخمی یا شہادت کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔ اسکردو میں برفانی تودہ گرنے کے متعدد واقعات ہوچکے ہیں جن میں پاک فوج کے درجنوں جوان شہید ہوچکے ہیں جب کہ برفانی تودے گرنے کے واقعات میں بھارتی فوج کے اہلکار بھی ہلاک ہوچکے ہیں 2012 میں سیاچن کے گیاری سیکٹر میں بھی 80 فٹ اونچا اور ایک کلومیٹر طویل برفانی تودہ گرنے سے 11 شہریوں سمیت پاک فوج کے 128 فوجی شہید ہو گئے تھے۔

…………………..

اس خبر کو بھی پڑھیے….آرمی چیف نے بچے کے دل کی بات سن لی

لاہور:(ملت آن لائن) آرمی چیف نے دل کے عارضے میں مبتلا بیمار بچے کی اپیل منظور کرتے ہوئے کور کمانڈر لاہور کو علاج کے لیے بچے کو سی ایم ایچ منتقل کرنے کی ہدایت کردی۔ دل کے عارضے میں مبتلا احسن حسین نامی بچہ یکم دسمبر سے لاہور کے چلڈرن اسپتال میں زیر علاج ہے جسے ڈاکٹروں نے انتہائی مہنگا علاج تجویز کرتے ہوئے ہارٹ ٹرانسپلانٹیشن تجویز کی ہے، احسن نامی بچے نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے نام سوشل میڈیا پر ویڈیو بیان جاری کیا جس میں آرمی چیف سے مدد کی اپیل کی گئی جس کا جنرل قمر باجوہ نے نوٹس لیتے ہوئے کور کمانڈر لاہور کو بچے کے فوری علاج کا حکم جاری کردیا۔ آرمی چیف کی ہدایت پر کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے چلڈرن اسپتال لاہور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے احسن کی عیادت کی اور اسے پھول پیش کیے۔ کور کمانڈر نے بچے کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔ وفد نے بیماربچے کو جلد سی ایم ایچ (کمائنڈ ملٹری ہاسپٹل) منتقل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ قبل ازیں بچے نے اپنے ویڈیو بیان میں آرمی چیف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نویں جماعت کا طالب علم ہوں اور دل کے مہلک عارضے میں مبتلا ہوں، میرا دل صرف 20 فیصد کام کررہا ہے، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ میری ہارٹ ٹرانسپلانٹیشن کی جائے گی جو کہ بہت مہنگی ہے، میرے گھر والے علاج کی سکت نہیں رکھتے اس لیے جنرل قمر باجوہ سے درخواست کرتا ہوں کہ علاج میں میری مدد کی جائے، میں چلڈرن اسپتال لاہور میں آپ کی مدد کا انتظار کررہا ہوں۔