اسلام آباد ۔ (ملت آن لائن) اکرام الحق نے اپنے دورہ سری لنکا کے دوران سری لنکا کی اعلیٰ فوجی قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں۔ پاکستانی ہائی کمیشن کولمبوکی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کے سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) اکرام الحق نے اپنے چار روزہ دورہ سری لنکا کے دوران سری لنکا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف ایڈمرل آر سی وجے گونارتنے، سری لنکا ایئر فورس کے کمانڈر ایئر مارشل کپیلا جیمپاتھے، سری لنکاکی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل مہیش سینا نائیکے اور سری لنکا کی بحری فوج کے کمانڈر وائس ایڈمرل سری میون رانا سنگھے سے ملاقاتیں کی ہیں۔ بیان کے مطابق سیکرٹری دفاع نے سری لنکا کی اعلیٰ فوجی قیادت سے ملاقاتوں کے دوران دونوں ممالک کے مضبوط باہمی رابطوں اور تعلقات کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا اور دونوں ممالک نے خطے کے امن و سلامتی کے استحکام اور فروغ کے لئے پاکستان اور سری لنکا کے دوطرفہ تعاون میں اضافہ کے لئے تمام شعبوں میں مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقاتوں کے دوران سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر شاہد احمد حشمت اور اعلیٰ فوجی حکام بھی موجود تھے۔