پشاور:(آئی این پی )پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے پشاور کے صحافیوں کو پہلے جنوبی وزیرستان کے علاقے شکئی، شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام اور شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے شوال کا دورہ کرایا جہاں پاک فوج کی جانب سے قبضے میں لی گئی القاعدہ کے کسی اہم رہنماء کے زیر استعمال پراسرار سرنگ کو صحافیوں کو دکھایا گیا اور پھر بتایا گیا کہ اس ٹنل کی لمبائی دو سو پچاس میٹر جبکہ گہرائی پینتیس میٹر ہے، سرنگ میں واش روم اور ایمرجنسی میں آمد و رفت کے لئے خصوصی طور پر بنایا گیا راستہ بھی تھا۔ صحافیوں کے وفد کو بتایا گیا کہ شوال آپریشن کے دوران پاک فوج نے سو سے زائد دہشت گرد ہلاک کئے، جن سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور افغانستان میں نیٹو افواج کے زیر استعمال رہنے والی گاڑی بھی قبضے میں لی گئی۔ آپریشن کمانڈر کے مطابق ہموی گاڑی نیٹو افواج کو واپس کی جائیگی جبکہ علاقہ کے متاثرین کو سال رواں کے آخر تک اپنے گھروں کو واپس بھیج دیا جائے گا