قومی دفاع

شہباز شریف سے کور کمانڈر لاہور کی ملاقات

لاہور:(اے پی پی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے ایوان وزیراعلیٰ میں ملاقات کی۔ جس کے دوران نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ مربوط سکیورٹی میکنزم اور سول ملٹری جوائنٹ آپریشنز کوآرڈی نیشن سینٹر جو کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت پہلے ہی کام کر رہا ہے کو مزید موثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں خاص طور پر گلشن اقبال پارک میں ہونے والے حالیہ خودکش حملے کے تناظر میں دہشت گردی کے خلاف منظم اور مربوط کارروائیوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ شہبازشریف اور کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی کے درمیان ملاقات میں صوبہ بھر میں جاری آپریشنز پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور آرمی‘ پاک رینجرز‘ سی ٹی ڈی اور پولیس کے درمیان مضبوط اشتراک کار کے ذریعے تمام دہشت گرد نیٹ ورکس اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف پوری قوت سے کارروائیاں جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ علاوہ ازیں شہبازشریف کی زیرصدارت گزشتہ روز گندم خریداری مہم برائے سال 2016-17ء کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں گندم خریداری مہم کے دوران کسانوںکو خریداری مراکز میں زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کئے جانے والے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رواں برس گندم خریداری مہم کیلئے صوبہ بھر میں 376 خریداری مراکز قائم کئے جائیں گے اور ان خریداری مراکز پر کسانو ںکیلئے بہترین سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی‘ ہمیں کاشتکاروں کا مفاد مقدم ہے۔ گزشتہ برسوں کی طرح رواں برس بھی چھوٹے کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔ کسان کو اس کی محنت کا معاوضہ ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے اور کسی کو کاشتکاروں کا استحصال نہیں کرنے دوں گا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور کسان کی محنت سے رواں برس گندم کی فصل بہترین ہوئی ہے۔ کسانوں کو ان کی محنت کا معاوضہ ہر صورت ملے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ خریداری مراکز پر کسانوں کی سہولت کیلئے گزشتہ برس سے بڑھ کر انتظامات کئے جائیں اور خریداری مراکز پر گندم فروخت کیلئے لانے والے کسانوں کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی کسانوں کو باردانہ کی تقسیم کا عمل مکمل شفاف ہوگا۔ گندم کی قیمتوں میں استحکام کے لئے ہر ضرور ی ا قدام اٹھائیں گے اور عالمی منڈی میںگندم کی کم قیمت اور کساد بازاری سے کاشتکاروں کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔ باردانہ کی تقسیم کا عمل نہایت شفاف او رمنصفانہ ہوگا اور باردانہ کا اجراء پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گندم کی خریداری میں مڈل مین کو کاشتکاروں کا استحصال نہیں کرنے دیں گے۔ صوبائی‘ ڈویژن‘ ضلع اور تحصیل کی سطح پر شکایات سیل قائم کئے جائیں گے۔ گندم کی خریداری کے دوران کاشتکاروں کو اگر کوئی شکایت پیش آئی تو اس کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔ چھوٹے کاشتکاروں سے ترجیحی بنیادوں پر گندم خریدی جائے گی اور گندم خریداری مہم کی میں خود ذاتی طور پر نگرانی کروںگا۔ پنجاب حکومت نے آئندہ 2 برسوں کیلئے کسان کی خوشحالی اور زراعت کی ترقی کیلئے 100 ارب روپے کا تاریخی پیکیج دیا ہے جس عملدرآمد سے زرعی شعبے پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) سندھ کے سینئر نائب صدر سینیٹر سلیم ضیاء نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پارٹی معاملات اورملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سلیم ضیاء نے مسلم لیگ (ن) سندھ کی جانب سے سانحہ گلشن اقبال پارک کی مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔ اس موقع پر شہبازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معصوم لوگوں کے خون نے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف لڑنے کا نیا عزم دیا ہے اور قوم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کیلئے ایک بار پھر یکجان ہو چکی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پرامن پاکستان کے خواب کی تعبیر ہمارا مشن ہے اور میں نے اپنی زندگی دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے وقف کر دی ہے۔