پشاور:(ملت+اے پی پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ اے پی ایس پشاور کے بچوں سمیت ہزاروں افراد شہید ہوئے ہیں ہم پران کا خون قرض ہے اور اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ہر شہید بچے کے خون کا حساب نہ لے لیں۔ پشاور میں سانحہ اے پی ایس کی دوسری برسی کے موقع پر منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم ان بچوں کو بھلا نہیں سکتے، میں بھی بھائی، بیٹا اور باپ ہوں اس لئے شہید بچوں کے والدین کا دکھ سمجھتا ہوں، یہ درد قابل برداشت نہیں لیکن ہمیں یقین ہونا چاہیے کہ جو افراد شہید ہوچکے ہیں وہ جنت الفردوس میں ہیں اور زندہ ہیں، میرے دفتر میں شہید بچوں کی تصاویر موجود ہیں اور جذبہ قوت کے لیے شہید بچوں کی تصاویر دیکھتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ اے پی ایس پشاور کے بچوں سمیت جو ہزاروں افراد شہید ہوئے ہیں ہم پر ان کا خون قرض ہے اور اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ہرشہید بچے کے خون کا حساب نہ لے لیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج اور قوم شہدا کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے اور کوشش کریں گے کہ ان کے درد کا مداوا کرسکیں، ہمیں پاکستان کو پرامن اور اسلامی مملکت بنانا ہے بالکل اس روح کے مطابق جس کا خواب قائداعظم نے دیکھا تھا، جب تک پاکستان کو امن کا گہوارہ نہیں بنالیتے آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔