اسلام آباد(آئی این پی) شہید کیپٹن اسفندر یار بخاری کی عظیم قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے ان کی سوانح حیات پر مبنی ’’معرکہ بڈھ بیڑکا ہیرو‘‘ کے عنوان سے ایک کتاب کی تقریبِ رونمائی کیڈٹ کالج حسن ابدال میں منعقد ہوئی۔شہید کیپٹن اسفندر یار کیڈٹ کالج حسن ابدال کے فارغ التحصیل تھے۔پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔پاک بحریہ کے سربراہ نے اپنی تقریر کے دوران کیپٹن اسفند یار بخاری شہید کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے جرأت وبہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مادرِ وطن کی خاطر اپنی جان کی قربانی دی۔نیول چیف نے دل کو چھونے والی کتاب کی اشاعت کو سراہا جو آنے والی نسلوں کے لئے مشعلِ راہ ہو گی۔ایڈمرل ذکا ء اللہ نے کہا کہ یہ منفرد کتاب کیپٹن اسفندیار شہید کے غیر معمولی کارناموں کا مجموعہ ہے اور یہ کتاب ان کی عظیم زندگی کے مختلف پہلووں کو عیاں کرتی ہے۔پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ یہ امر میرے لئے باعثِ صد افتخار ہے کہ میں آج ایسی پر وقار تقریب میں شریک ہوں جہاں ایک سچے اور نڈر جانثارِ وطن کی سوانح حیات پر مبنی ایک منفرد اور جامع کتاب’’ معرکہ بڈھ بیر کا ہیرو‘‘ کی رونمائی کی گئی ہے۔یہ کتاب کیپٹن اسفندیار شہید کی ولولہ انگیز داستان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کتاب نے مجھے شہیدِ وطن کی زندگی کے ایسے گوشوں تک رسائی دلائی ہے جن سے میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ اس قربانی کے پسِ منظر میں شہید کے والدین کی قابلِ رشک پرورش، اساتذہ کی بہترین تربیت ، اسفندر یار کا خلوصِ نیت ، دلیری و شجاعت اور جذبہِ شہادت کار فرما تھا۔نیول چیف نے کہا کہ میں اسفندر یار شہید کے والد محترم ڈاکٹر فیاض حسین بخاری اور والدہ محترمہ کو مبارک بادپیش کرتا ہوں جنہوں نے ایسے ہونہار بیٹے کی اعلیٰ پرورش کی اور اس کی شہادت کے بعد بھی مثالی صبر اور شکر کا مظاہرہ کیا اور میں سلام پیش کرتا ہوں کیڈٹ کالج حسن ابدال کو جس کے درو دیوار نے ایسے جانباز اورمجاہد پیدا کئے۔نیول چیف نے پروفیسر محمد ظہیر قندیل صاحب کو دل میں اُتر جانے والی کتاب تحریر کرنے پر،جس کا ہر جملہ تاثیر اور جذبات و احساسات کا حقیقی ترجمان ہے، مبارک باد پیش کی۔ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے جنرل (ریٹائرڈ) نجیب طارق، پرنسپل کیڈٹ کالج حسن ابدال کوبھی خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے اس شاندار کتاب کی شایانِ شان تقریبِ رونمائی کا اہتمام کیا۔نیول چیف نے نوجوان کیڈٹس کے روشن مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں نصیحت کی کہ انہیں عزت، عظمت اور تنظیم کے حصول کے لئے انتھک محنت کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آپ کو اس بات پر اندیشہ نہیں ہونا چاہئے کہ آپ ستاروں پر کمند نہ ڈال سکے بلکہ اس بات پر ضرور سوچنا چاہئے اگر آپ کی زندگی میں ستارے ہی نہ ہوں کہ جہاں تک آپ رسائی حاصل کر سکیں۔ آپ اپنی قابلیت پر بھروسہ رکھیں اور نتائج کو اللہ تعالی پر چھوڑ دیں۔قبل ازیں، اپنے خطاب کے دوران کالج کے پرنسپل میجر جنرل (ریٹائرڈ) نجیب طارق نے تمام حاضرین خصوصاً نیول چیف کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنی گوناں گوں مصروفیات میں سے اِس تقریب کے لئے وقت نکالا۔شہید کیپٹن اسفندیار کی والدہ محترمہ نے بھی اپنی مختصر والی تقریر کے دوران عظیم سپوت کی مختلف یادوں کو تازہ کیا۔تقریب میں شہد کیپٹن کے والدین، کالج کے اساتذہ، کالج کے فارغ التحصیل طلباء، سول سوسائٹی کے ارکان اور کالج کے کیڈٹس نے شرکت کی۔