واشنگٹن:(آئی این پی)امریکا کی ڈیفنس انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ ونسنٹ اسٹیورٹ نے آپریشن ضرب عضب اور کراچی میں جاری ٹارگیٹڈ آپریشن کو کامیاب قرار دیا ہے ۔امریکا کی ڈیفنس انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ ونسنٹ اسٹیورٹ نے سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے سامنے بیان دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب اور کراچی میں جاری ٹارگیٹڈ آپریشن سے پرتشدد واقعات میں کمی آئی اور امکان یہ ظہر کیا کہ یہ کارروائیاں آگے بھی جاری رہیں گی۔ ونسٹ اسٹیورٹ نے کہا کہ مستقبل میں اسلام آباد کو دہشت گردوں، فرقہ وارانہ عناصر اور علیحدگی پسندوں سے داخلی خطرات کا سامنا رہے گا۔ داعش خراسان چیپٹر اور القاعدہ کا برصغیر چیپٹر اسلام آباد کے لیے اہم خطرہ رہے گا۔ وہ کہتے ہیں کہ پاکستان ایٹمی اثاثوں کی سیکورٹی بہتر بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کررہا ہے اور ایٹمی پروگرام کو انتہاپسندوں سے لاحق خطرات سے آگاہ ہے۔ پاک بھارت تعلقات پر ان کا کہنا تھا گذشتہ برس کے آخر میں اعلیٰ سفارتی سطح کے رابطوں کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے کشیدہ تعلقات میں کمی آئی ہے۔ لیکن بھارت میں کسی دہشت گرد حملے کی صورت میں کشیدگی پھر بڑھ سکتی ہے۔