اسلام :(اے پی پی)وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کو جڑسے اکھاڑ پھینکنے کیلئے جاری آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کا کردار قابل تعریف ہے۔ موجودہ حکومت مادر وطن سے دہشت گردی کے خاتمے اور خطرات و چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پاک فوج کی مضبوطی پر یقین رکھتی ہے۔ وزیراعظم سے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان نے ملاقات کی جس میں پاک فضائیہ سے متعلق پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ایئر چیف مارشل سہیل امان نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ تیاریوں سے متعلق امور سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ملک کے سب سے بڑے اور فیصلہ کن آپریشن میں پاک فضائیہ نے اہم کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ سب کچھ پاک فضائیہ کی جانب سے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھنے کی وجہ سے ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مادر وطن سے دہشت گردی کے خاتمے اور خطرات و چیلنجز سے نمٹنے کے لئے موجودہ حکومت پاک فوج پر یقین رکھتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا مسلح افواج کو مضبوط بناکر دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ضرب عضب دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن آپریشن ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد نوازشریف نے آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں پارٹی امیدواروں کا فیصلہ کرنے کیلئے اپنی سربراہی میں اٹھارہ رکنی پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا۔ پارلیمانی بورڈ کے ممبران میں راجہ ظفرالحق‘ سردار سکندر حیات‘ راجہ فاروق حیدر‘ چودھری نثار علی خان‘ خواجہ آصف‘ خواجہ سعد رفیق‘ پرویز رشید‘ ڈاکٹر آصف کرمانی‘ برجیس طاہر‘ میاں حمزہ شہباز‘ سردار مہتاب خان‘ شاہ غلام قادر‘ چودھری طارق فاروق‘ سردار عبدالخالق آسی‘ چودھری محمد عزیز‘ سید نصیب اللہ گردیزی اور ڈاکٹر نجیب شامل ہیں۔