اسلام آباد: (اے پی پی) وزیر اعظم نواز شریف متحدہ عرب امارات کے وزیر ثقافت و امور نوجوانان نہیان بن مبارک سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے وزیر اعظم سے جاتی امراء میں ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے خطے کے کروڑوں لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی آئے گی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ناسور کے کاتمے کے لئے آپریشن شروع کیا گیا تھا اور وہ اس کی کامیابی سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں تمام فریقوں کی مشاورت سے آپریشن شروع کیا گیا اور اب شہر میں امن قائم ہو گیا ہے۔ عرب امارات کے وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے کہا کہ پاکستان غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے تیزی سے ابھرتا ہوا پرکشش ملک ہے۔ شیخ نہیان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ہمراہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے جاتی امراء پہنچے تھے۔ انہوں نے وزیر اعظم کی کامیاب ہارٹ سرجری پر انہیں مبارکباد پیش کی۔ شیخ نہیان بن مبارک وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد لاہور سے وطن روانہ ہو گئے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے انہیں رخصت کیا۔