قومی دفاع

طورخم بارڈر:افغان فورسز کی دوسرےروز بھی بلا اشتعال فائرنگ

طورخم: (آئی این پی) دہشتگردوں کو روکنے کیلئے طورخم بارڈر پر گیٹ لگانے پر افغانستان آپے سے باہر ہو گیا ہے۔ سرحد پر دوسرے روز بھی افغان فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے پان اہلکاروں سمیت 13 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان فورسز کی جانب سے طورخم کے سرحدی علاقے میں دوسرے روز بھی بلا اشتعال فائرنگ کی گئی اور یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ پاکستان نے واقعہ پر افغانستان سے شدید احتجاج کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغان ناظم الامور کو وزارت خارجہ طلب کرکے کہا گیا کہ افغان حکومت معاملے کی مکمل تحقیقات کرے۔ افغانستان کو مستقبل میں ایسے واقعات سے باز رہنے کی وارننگ بھی دی گئی۔ افغان ناظم الامور پر واضح کیا گیا کہ طورخم پر پاکستانی اقدامات سرحدوں پر دہشتگردی خلاف انتظامات موثر بنانے کی کارروائیوں کا حصہ ہیں۔ دوسری جانب سرحد پر کشیدگی کے بعد طورخم اور لنڈی کوتل میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ کئی دیہات بھی خالی کرا لئے گئے ہیں جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ایک بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ طورخم پر گیٹ پاکستانی علاقے میں تعمیر کیا جا رہا ہے۔ طورخم پر گیٹ 37 میٹر پاکستانی علاقے کے اندر ہے۔ افغان سیکیورٹی فورسز زیر تعمیر گیٹ پر فائرنگ کر رہی ہیں۔ لیفٹننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ سرحد پار کرنے والوں کی جانچ پڑتال کے لئے گیٹ بہت ضروری ہے۔ گیٹ کی تعمیر کا مقصد دہشت گردوں کی نقل وحرکت کو چیک کرنا ہے۔