قومی دفاع

طورخم بارڈرپرپاک افغان فورسز کی فلیگ میٹنگ،باہمی تعاون پر اتفاق

لنڈی کوتل۔30 اگست (اے پی پی)پاک افغان بارڈر طورخم پر پاک افغان کے فورسز کے درمیان فلیگ میٹنگ منعقد کی گئی، جس میں پاکستان کی طرف سے کرنل توفیق اور اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ رحیم اللہ محسود اور افغانستان کی طرف سے کرنل نثاء اور کمانڈر امین جان کسٹم کلکٹرافغان گمرک شعیب نے شرکت کی ۔میٹنگ میں اہم سرحدی مسائل زیر بحث آ ئے۔ میٹنگ میں پاکستان کی جانب سے تین اہم مسائل کو اٹھایاگیا جن میں بارڈر پر غیر قانونی آمد ورفت کی روک تھام میں تعاون کرنے ،پاکستانی ڈرائیوروں کے ساتھ تعاون کرنے اور جھڑپوں کے دوران جن عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے ان پرتعمیراتی کام شروع کرنے کے لئے زور دیا گیا ہے، جبکہ افغان فورسز نے بھی افغانستان کو ڈی پورٹ ہونے والے افغان باشندوں کے لئے خاص وقت متعین کرنے، پاکستان میں وفات پانے والے افغان باشندوں کی پاک افغان طورخم سرحد پر حوالگی کے موقع پر لواحقین کے ساتھ تعاون کرنے اورپاکستان سے افغانستان میں داخل ہو نے والی گاڑیوں کے لئے ایک وقت مقررکرنے کے حوالے سے مسائل پیش کئے ، جس پر دونوں ملکوں کے حکام نے باہمی تعاون کرنے سے پر اتفاق کیا ہے۔