قومی دفاع

علاقائی امن کیلئے بھارت پاکستان میں مداخلت فوری بند کرے: دفتر خارجہ

اسلام آباد(اے پی پی)پاکستان میں متعین عرب اور آسیان ملکوں کے سفیروں کو بھارتی خفیہ ایجنسی را کے افسر کل بھوشن یادو کی گرفتاری اور پاکستان میں بھارت کی طرف سے دہشت گردی کروائے جانے، دہشت گردوں کی مالی مدد اور پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کے بارے میں اس کے اعترافات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔دفتر خارجہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ بریفنگ کے دوران پاکستان کی طرف سے اس بات پر زور دیا گیا کہ خطہ میں امن و استحکام کی خاطر لازمی ہے کہ بھارت فوری طور پر پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت روکے اور جموں و کشمیر سمیت تمام تنازعات پرامن ذرائع سے حل کرے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان اور یورپی یونین کے سفیروں کو اس نوعیت کی بریفنگ دی جا چکی ہے۔