اسلام آباد (ملت + آئی این پی) سابق وائس چیف آف ایئر سٹاف اور دفاعی تجزیہ کار ایئرمارشل (ر) شاہد لطیف نے دعویٰ کیا ہے کہ پانامہ لیکس کا فیصلہ وزیراعظم نوازشریف کی حق میں آنے والا ہے، اس لئے حکومت نے الیکشن کمیشن سے عمران خان کا کیس خارج کروایا ہے تاکہ وہ فیصلے کے خلاف آواز نہ اٹھا سکیں ، اسپیکر قومی اسمبلی نے عمران خان کے خلاف ریفرنس آگے بھیجا اور نوازشریف کے خلاف روک لیا وہ کھل کر سامنے آگئے ہیں کہ وہ جانبدار ہیں۔ وہ جمعرات کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی جانبدار ہوگئے ہیں کیونکہ انہوں نے وزیراعظم کی فیور کی اور عمران خان کے خلاف ریفرنس آگے بھیجا ، میرے خیال میں اسپیکر کی ساکھ اس سے متاثر ہوئی ہے ، الیکشن کمیشن سے نااہل کیس خارج ہونے کا امکان ہے۔ شاہد لطیف نے کہا کہ حکومت کی مرضی سے الیکشن کمیشن نے عمران خان کا کیس خارج کیا ہے تاکہ اگر سپریم کورٹ پانامہ کیس بھی الیکشن کمیشن ریفر کرے تو وہ کیس بھی اسی طرح خارج کروایا جا سکے اور پھر عمران خان اس فیصلے کے خلاف آواز بھی نہیں اٹھا سکیں گے ، اعتزاز احسن نے بھی کہا ہے کہ سپریم کورٹ نرمی والا فیصلہ کرے گی اس کا مطلب یہ نہیں کہ سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن حکومت سے ملے ہوئے ہیں۔ (ن م)