انسپکٹرجنرل فرنٹیئرکور بلوچستان میجرجنرل ندیم احمد انجم کی کامن ٹریننگ پروگرام کے وفد سے گفتگو
کو ئٹہ(آئی این پی) انسپکٹرجنرل فرنٹیئرکور بلوچستان میجرجنرل ندیم احمد انجم نے کہاہے کہ عوام کا سیکورٹی فورسز کے ساتھ تعاون اور اعتماد ہی ہماری کامیابی کا ضامن ہے ،گوادر کی ترقی اور اقتصادی رہداری منصوبہ بلوچستان کے عوام کے لیے ایک نئے دورکا آغازثابت ہو گا۔وہ پیر کو کامن ٹریننگ پروگرام کے وفد کے ایف سی ہیڈ کوارٹر کے دورہ کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے،کامن ٹریننگ پروگرام کے18رکنی وفد پر مشتمل سول آفیسرز نے ہیڈ کوارٹر فرنٹےئر کور بلوچستان کا دورہ کیا ۔لیفٹیننٹ کرنل عامر آمین نے وفد کو بلوچستان کے حالات اور فرنٹےئر کور بلوچستان کی کارکردگی پر جامع بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فرنٹےئر کور بلوچستان اپنی بنیادی ذمہ داریوں یعنی افغانستان اور ایران کے ساتھ پاکستان کے سرحد کی نگرانی کے علاوہ اسلحہ ،منشیات اورانسانوں کی غیرقانونی نقل وحمل کو روکنے اور امن وامان کے قیام میں صوبائی حکومت کی مدد ،قومی اثاثوں،ترقیاتی منصوبوں اور اہم تنصیبات کی حفاظت کو بطریق احسن پورا کر رہی ہے۔مزید برآں تعلیم ، صحت اور عوام کی فلاح وبہبود کے سلسلے میں بھی ایف سی بلوچستان قابل قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ عوام کو تحفظ فراہم کرنا اور ان کے ساتھ روابط کو مضبوط کرنا ایف سی کی اولین ترجیح ہے۔فرنٹےئر کور بلوچستان کے زیر اہتمام53اسکولز اور07کالجز بمعہ 09ہاسٹلز دور دراز علاقوں میں بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہے ہیں۔ اسکے علاوہ صوبے میں زلزلہ اور سیلاب جیسے قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی بحالی میں بھی فرنٹےئر کور ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔سوال و جواب کے سیشن دوران آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم احمد انجم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترقی و خوشحالی کا انحصار امن و امان سے مشروط ہے لہٰذا امن وامان کی بحالی کے ساتھ ساتھ تعلیمی ترقی اورطبی سہولتوں کی فراہمی ایف سی کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہیں۔گوادر کی ترقی اور اقتصادی رہداری منصوبہ بلوچستان کے عوام کے لیے ایک نئے دورکا آغازثابت ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں میں 300سے زائد کالعدم تنظیموں کے فراریوں نے جو کہ ماضی میں پنے بال بچوں کے تحفظ کی خاطر شر پسندوں کی دھمکیوں کی وجہ سے یر غمال بنے ہوئے تھے ریاستی عملداری قبول کرتے ہوئے قومی دھارے میں شامل ہوئے ۔حالات یکسر تبدیل ہو چکے ہیں صوبے کے ہر ضلع وتحصیل میں پاکستانی پر چم لہرا رہے ہیں ۔ عوام کا سیکورٹی فورسز کے ساتھ تعاون اور اعتماد ہی ہماری کامیابی کاضامن ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایف سی بلوچستان عوام اور دیگر اداروں کے تعا ون سے صوبے کو پُر امن اور مثالی بنانے میں بھر پور کردار ادا کر تی رہے گی۔وفد نے بلوچستان میں فرنٹےئر کور کے گراں قدر خدمات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ترقی اور خوشحالی کے امکانات روشن ہیں۔آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم احمد انجم نے وفدکا ایف سی ہیڈکوارٹر کے دورے پر شکریہ ادا کیا اور استد عا کی کہ وہ اپنے انفرادی حیثیت میں بلوچستان کی بہتری کے لئے کردار ادا کریں۔