قومی دفاع

غیر معمولی خدمات کا اعتراف

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ کو غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں امریکہ کے اعلیٰ عسکری اعزاز ’’ یو ایس لیجن آف میرٹ‘‘ سے نوازا گیا۔اس سلسلے میں یو ایس نیو ی یارڈ میں ایک با وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں یو ایس چیف آف نیول آپریشنز ایڈمرل جان رچرڈسن نے ایڈمرل محمد ذکا ء اللہ کو ’’ یو ایس لیجن آف میرٹ‘‘ کا اعزاز تفویض کیا۔پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ کے اعزاز میں یو ایس نیوی یارڈ میں پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔یو ایس نیو ی یارڈ آمد پر یو ایس چیف آف نیول آپریشنز ایڈمرل جان رچرڈسن نے پاک بحریہ کے سربراہ کو خوش آمدید کہا۔ امریکی بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے آپ کو سلامی پیش کی۔سلامی کے بعد یو ایس چیف آف نیول آپریشنز ایڈمرل جان رچرڈسن نے نیول چیف کو ’’ یو ایس لیجن آف میرٹ‘‘ کا اعزاز تفویض کیا۔’’ یو ایس لیجن آف میرٹ‘‘ امریکی مسلح افواج کے اعلیٰ ترین اعزازات میں سے ایک ہے جو غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں تفویض کیا جاتا ہے۔بعد ازاں ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے امریکی بحریہ آپریشنز کے سربراہ ایڈمرل جان رچرڈسن سے پینٹاگون میں ان کے آفس میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران نیول چیف نے باہمی دلچسپی کے اُمور بشمول باہمی بحری تعاون اور بحرِ ہند کی سیکورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے پاک بحریہ کی کراچی میں منعقدہ کثیرالملکی بحری مشق امن2017میں امریکی بحریہ کی سرگرم شرکت پر امریکی چیف آف نیول آپریشنز کا شکریہ ادا کیا۔ امریکی چیف آف نیول آپریشنز نے پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور خطے میں بحری امن و استحکام کے قیام کے لئے پاک بحریہ کے کردارکو سراہا۔ یو ایس چیف آف نیول آپریشنز نے کثیرالملکی بحری مشق امن 2017کے کامیاب انعقاد پر پاک بحریہ کو مبارک باد پیش کی۔قبل ازیں، پاکستان اور افغانستان کے لئے نمائندہ خصوصی لاریل ملر ، سیاسی۔عسکری اُمور کی پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری مس ٹینا کیڈانو اور کانگریس مین براڈ شیرمین سے ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایڈ مرل محمد ذکاء اللہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور خطے میں بحری امن و استحکام کے قیام میں بالخصوص پاکستان نیوی کی کاوشوں کا ذکر کیا۔امریکی عہدیداران نے خطے میں بحری امن و استحکام کے قیام کے لئے پاکستان کی طرف سے کئے جانے والے مختلف اقدامات کو سراہا۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے دورہِ امریکہ کے دوران ڈپٹی کمانڈر یو ایس فلیٹ فورسزکمانڈ، وائس ایڈمرل رچرڈ بریکنریج سے یو ایس فلیٹ فورسز ہیڈکوارٹرز، ورجینیا میں ملاقات کی جہاں ان کو یو ایس فلیٹ فورسز کمانڈ کے متعلق تفصیلی بریفننگ بھی دی گئی۔