ژوب :(اے پی پی)فرنٹیئر کور کے زیر اہتمام58 ویں بیج کی پاسنگ آوٹ پریڈ کے موقع پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد، تقریب کی مہمان خصوصی کمانڈر29 بریگیڈ بریگیڈئیر طاہر گلزار ملک تھے۔ مہمان خصوصی بریگیڈئیر طاہر گلزار ملک نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی بریگیڈیئر طاہر گلزار ملک نے تربیت مکمل کرنے والے ریکروٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تربیت مکمل کرنے والے ریکروٹس کی کارکردگی انتہائی حوصلہ افزاء ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہزار ریکروٹس نے تربیت مکمل کی ہے جن کا تعلق ملک کے مختلف صوبوں سے ہیں انہوں نے ریکروٹس کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ اپنی محنت لگن اور جذبے کے باعث ایف سی کے قابل فخر دستوں میں شامل ہو رہے ہیں ایف سی بلوچستان کے قابل فخر دستوں میں شمولیت اعزاز کے ساتھ ایک چیلنج بھی ہے ریکروٹس آنے والے دنوں میں فرائض کی ادائیگی کیلئے ملک اور فورس کیلئے ہر قسم کی تکالیف اتھانا پڑیگی۔انہوں نے کہا کہ مجھے ریکروٹس کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے اور یقین ہے کہ فورس کی توقعات پر پورا اترینگے ایف سی بلوچستان پاکستان کی ایک بڑی سول آرمد فورس ہے جو نہ صرف افغانستان اور ایران کے ساتھ طویل سرحد کی نگہبان ہے بلکہ اسمگلنگ منشیات کی روک تھام اور امن و امان کی بھی ذمہ دار ہے۔ دوران تربیت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریکروٹس خدا بخش عاطف محمود اور نوید بخش کو انعامات سے نوازا گیا تقریب میں تربیت مکمل کرنے والے ریکروٹس نے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی۔تقریب میں کمانڈنٹ ایف سی ملک محمد حیات، کرنل فیصل، کرنل شاہ محمد، کرنل معاذ، میجر حیدر علی، میجر عامر قریشی، صوبیدار میجر واقف شاہ، قبائلی رہنماؤں عبدالستار خان کاکڑ، سردار ناصر خان ناصر، سردار غلام سرور شیرانی ،سردار اختر مردانزئی،دولت خان بابکر خیل، ڈی ایس پی بشیر ،اثر گل زمان ناصر دیگر بھی موجود تھے۔