راولپنڈی/اسلام آباد (ملت + آئی این پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ 08-2007 میں دہشت گردی کے خلاف شروع کی گئی جنگ آج آپریشن ردالفساد کی صورت میں جاری ہے، فوجی آپریشنز کا مقصد ملک میں امن و استحکام کا قیام ہے۔ وہ منگل کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں استحکام اور امن کی کوششوں کے حوالے سے منعقدہ پاک برطانیہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں استحکام اور امن کی کوششوں کے حوالے سے پاک برطانیہ سیمینار ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیمینار سے خطاب میں آرمی چیف نے پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے قیام کے حوالے سے اقدامات پر روشنی ڈالی۔پاک فوج کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ 08-2007 میں دہشت گردی کے خلاف شروع کی گئی جنگ اب آپریشن ردالفساد میں تبدیل ہوچکی ہے جس کا مقصد ماضی میں کیے جانے والے آپریشنز کی کامیابی کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک میں دیرپا امن اور استحکام قائم کرنا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس دو روزہ سیمینار میں برطانوی وفد کی قیادت لیفٹیننٹ جنرل پیٹرک سینڈرز نے کی۔سیمینار سے خطاب میں برطانوی فوج کے لیفٹیننٹ جنرل پیٹرک سینڈرز نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان، پاکستانی عوام اور فوج کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ان کی کوششوں سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا محفوظ ہورہی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک برطانیہ سیمینار میں دونوں ملکوں کے حکام امن و استحکام کی کاوشوں کے حوالے سے اپنے تجربات ایک دوسرے سے شیئر کریں گے۔اس سیمینار میں برطانوی ہائی کمیشن کے حکام، سابق سفرا، سینئر حاضر سروس اور ریٹائڑڈ فوجی افسران اور مختلف تھنک ٹینکس اور یونیورسٹیوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔