راولپنڈی(ملت آن لائن ،اے پی پی) اے پی پی) فوجی عدالتوں سے موت کی سزا پانے والے مزید 4 خطر ناک دہشتگردوں کو بدھ کی صبح پھانسی دے دی گئی ہے، یہ دہشت گرد بے گناہ شہریوں کو قتل کرنے ، ایک مسجد پر حملہ کرنے، کمیونکیشن انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مسلح افواج پر حملہ میں ملوث تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جن دہشت گردوں کو سزائے موت دی گئی ان میں قیصر خان ولد حبیب خان،محمد عمرولد سیدا جان ،قاری زبیر محمد ولد سخی محمد اور عزیزخان ولد اشبر شامل ہیں۔ قیصر خان ولد حبیب خان تحریک طالبان پاکستان کا ایک فعال رکن تھا جو بے گناہ شہری کو قتل کرنے ، مواصلاتی انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے میں ملوث تھا جس نے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے سامنے اپنے جرائم کااعتراف کیا اور اسے سزائے موت سنائی گئی۔ محمد عمر ولد سیداجان تحریک طالبان پاکستان کا ایک فعال رکن تھا وہ ایک تعلیمی ادارہ کو تباہ کرنے اور پاکستان کی مسلح افواج کے حملے میں ملوث تھا جس سے متعدد فوجی شہید اور زخمی ہوئے۔ اس نے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے سامنے اپنے جرائم کااعتراف کیا اور اسے سزائے موت سنائی گئی۔ قاری زبیر محمد ولد سخی محمد تحریک طالبان پاکستان کا ایک فعال رکن تھا جو ایک مسجد پر خود کش حملہ کی تحریص دینے میں ملوث تھا جس سے متعدد فوجی اور شہری شہید اور زخمی ہوئے اس کے پاس آتشیں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد تھا ۔ اس نے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے سامنے اپنے جرائم کااعتراف کیا اور اسے سزائے موت سنائی گئی۔عزیز خان ولد اشبر تحریک طالبان پاکستان کا ایک فعال رکن تھا جو پاکستان کی مسلح افواج پر حملہ کرنے اور مواصلاتی نظام کو نقصان پہنچانے میں ملوث تھا جس سے متعدد فوجی شہید و زخمی ہوئے اس کے پاس ایک خودکش جیکٹ بھی تھی ، اس نے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے سامنے اپنے جرائم کااعتراف کیا اور اسے سزائے موت سنائی گئی تھی ۔