راولپنڈی: (ملت+ آئی این پی ) مہمند ایجنسی میں غلنئی کیمپ پر دہشت گردوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوانوں کی فوری اور بھرپور جوابی کارروائی سے کئی قیمتی جانیں بچ گئیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے 4دہشت گردوں کو غلنئی کیمپ میں مار گرانے پرسیکیورٹی فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جوانوں کی فوری جوابی کارروائی سے حملے کو ناکام بنایا گیا جس سے نہ صرف مالی نقصان کو بچایا گیا بلکہ قیمتی جانیں بھی محفوظ رہیں جس پر جوان شاباش کے مستحق ہیں۔ 4 دہشت گرد غلنئی میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملہ آور ہوئے اور مسجد میں گھس کر فائرنگ اور دھماکے کرنے کی کوشش کی جسے جوانوں نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف ناکام بنایا بلکہ چاروں دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا تھا۔