کراچی(ملت + آئی این پی)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے دس رکنی وفد نے شیخ روحیل اصغر کی قیادت میں کراچی اور ساحلی علاقوں میں قائم پاک بحریہ کی تنصیبات اور یونٹس کا تین روزہ دورہ کیا،کراچی میں وفد نے پاکستان نیوی ڈاکیارڈ ، کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئر نگ ورکس اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران وفد کوملک کے میری ٹائم مفادات کی حفاظت میں پاک بحریہ کے کردار، پاک بحریہ کی مختلف کمانڈز کے کرداراور خطے میں اُبھرتے ہوئے خطرات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی کو پاک بحریہ کے جہازوں اور آبدوزوں کی مرمت اور خود انحصاری کے پروگرام سے بھی آگاہ کیا گیا،بعد ازاں کمیٹی نے جناح نیول بیس اورماڑہ کا تفصیلی دورہ کیا جہاں اُنہیں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی، مزید برآں، کمیٹی کو مکران کے ساحل کے مکینوں کی سماجی ترقی و خوشحالی کے ضمن میں کئے گئے اقدامات کے ذریعے قومی تعمیر میں پاک بحریہ کے کردار سے آگاہ کیا گیا۔ کیڈٹ کالج اورماڑہ کے دورے کے دوران کمیٹی کے ممبران کو بتایا گیا کہ 50%کیڈٹس کا تعلق بلوچستان سے ہے جن کو مفت تعلیم دی جاتی ہے، کمیٹی کے ممبران کو کالج میں مہیا کی جانیوالی معیاری تعلیم اور تربیت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ پاکستان نیوی کے 100بستر پر مشتمل اسپتال پی این ایس درمان جاہ کے دورے کے دوران کمیٹی کے اراکین کو بتایا گیا کہ اسپتال میں پاک بحریہ کے افراد کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کو بھی بہترین طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، بعد ازاں دورے کے آخری مرحلے میں کمیٹی نے گوادر پورٹ کا دورہ کیا جہاں اُنہیں پاک چائنہ اقتصادی راہداری کے لیے گوادر پورٹ کی اہمیت اور اس کے میری ٹائم سکیورٹی کے لیے پاک بحریہ کے کردار پر بریفنگ دی گئی، کمیٹی نے گوادر کے اطراف میں سمندرمیں پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذولفقار پر مشقوں کا معائنہ بھی کیا،اس موقع پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئر مین نے گوادر پورٹ اور پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبوں کی حفاظت کے لیے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا، کمیٹی نے بحرہند میں پاکستان کی بحری مفادات کی حفاظت کے لیے پاک بحریہ کے مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔