راولپنڈی:(آئی این پی ) فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر اور فراریوں کے خلاف رینجرز، پولیس اور انسداد دہشت گردی فورس فوج کے تعاون سے ایک مربوط آپریشن کیا جا رہا ہے۔ ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد اور جرائم پیشہ عناصر نے دیگر صوبوں میں ضرب عضب کے تحت کی جانے والی کارروائیوں سے بچنے کے لئے پنجاب کے جنوبی اضلاع روجھان، کیچ اور رحیم یار خان کے علاقوں میں پناہ لے لی ہے۔ لاہور کے اقبال پارک میں خودکش حملے کے بعد پنجاب کے مختلف شہروں اور علاقوں میں فوج نے کارروائیاں کی تھیں۔ چند روز قبل پنجاب کے وزیر رانا ثنا نے کہا تھا کہ پنجاب میں دہشت گردوں کی خفیہ پناہ گاہیں نہیں ہیں اور نہ کوئی نو گو ایریا ہے، اگر کسی کے پاس کوئی ثبوت ہے تو سامنے لائے۔اے ایف پی کے مطابق فوجی ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے ساتھ ملٹری ہیلی کاپٹرز کو پرواز کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور ایک تصویر میں پیراملٹری فورسز کے جوان آپریشن کیلئے ٹرک میں اسلحہ اور سامان لوڈ کررہے ہیں۔ ایک تصویر میں فوجی قافلے کی گاڑیاں جا رہی ہیں۔ قلات کے علاقے میں فرنٹیئر کور بلوچستان اور حساس ادارے کے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 15 شدت پسند ہلاک ہوگئے۔ ایف سی نے شدت پسندوں کے 2کیمپوں کو تباہ کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ قبضے میں لے لیا۔ فائرنگ سے 2 سکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ حکومت بلوچستان کے ترجمان انوارالحق کاکڑ نے بتایا کہ قلات کے علاقے جوہان میں فرنٹیئر کور بلوچستان اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا تو شدت پسندوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ دہشت گردوں کے کیمپوں سے کلاشنکوفیں، بم، دھماکہ خیز مواد اور دیگر تخریب کاری میں استعمال ہونے والا سامان قبضے میں لے لیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے شدت پسند سیکورٹی فورسز پر حملوں، ٹارگٹ کلنگ ،بم دھماکوں اور دیگر تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔