قومی دفاع

قوم کی حمایت سے دہشتگردی کی لعنت کا خاتمہ کریں گے،آرمی چیف

راولپنڈی (ملت آن لائن + آئی این پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور دھماکے میں جام شہادت نوش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیں گی،قوم کی حمایت سے دہشتگردی کی لعنت کا خاتمہ کریں گے،مردم شماری کا انعقاد ایک قومی فریضہ ہے،شمارکنندگان اور فوجیوں نے بلاشبہ بڑی قربانی دی ہے،مردم شماری ہر قیمت پر مکمل کی جائے گی۔بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مردم شماری کا انعقاد ایک قومی فریضہ ہے،لاہور دھماکے میں شہید ہونے والے تمام افراد مردم شماری کی ڈیوٹی پرتھے،مردم شماری کو یقینی بنانا قومی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ مردم شماری ہر قیمت پر مکمل کی جائے گی،قوم کی حمایت سے دہشتگردی کی لعنت کا خاتمہ کریں گے،میرا دل شہداء کے لواحقین اور خاندانوں کے ساتھ ہے۔جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ شمارکنندگان اور فوجیوں نے بلاشبہ بڑی قربانی دی ہے۔آرمی چیف نے فرائض کی ادائیگی میں جام شہادت نوش کرنیوالوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔