راولپنڈی:(ملت+اے پی پی) پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلے ہوئے ہیں جن میں کورکمانڈر کراچی نوید مختار کو تبدیل کرکے ان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا کو تعینات کردیا گیا ہے- آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلے کیے گئے ہیں جن میں کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کی جگہ اب لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا کو کور کمانڈر کراچی تعینات کردیا گیا ہے، شاہد بیگ مرزا جی ایچ کیو میں ملٹری سیکریٹری کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق دوسری تقرری لیفٹیننٹ جنرل غیور محمود کی گئی ہے جنہیں شاہد بیگ مرزا کی جگہ ملٹری سیکریٹری تعینات کیا گیا ہے وہ اس سے قبل جی ایچ کیو میں چیف آف لاجسٹک اسٹاف کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ گزشتہ دنوں پاک فوج میں تقرر وتبادلوں کے حوالے سے خبریں زیر گردش تھیں جن پر ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ نے اپنے رد عمل میں کہا تھا کہ پاک فوج میں تقرر و تبادلے معمول کا عمل ہے اور اس حوالے سے ہر تقرر و تبادلے پر میڈیا کو باضابطہ آگاہ کیا جائے گا۔