نئی دہلی / اسلام آباد (آئی این پی)بھارتی میڈیا نے’’را‘‘ کے ایجنٹ کل بھوش یادو کی گرفتاری کے بعد پاک ایران تعلقات کے حوالے سے زہریلا اور بے بنیاد پراپیگنڈہ شروع کردیا۔بھارتی میڈیاکے مطابق بلوچستان سے گرفتار ہونے والے بھارتی ایجنٹ کل بھوشن یادویو کی گرفتاری کے بعد ایران کے ساتھ معاملہ اٹھائے جانے اور ایرانی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے متعلق میڈیا رپورٹس سامنے آنے کے بعد پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات میں کشیدگی آئی ہے اور اسلام آباد میں ایرانی سفارتخانے کے ایک بیان میں بھی خبردار کیا گیا ہے کہ صدر روحانی کے دورہ پاکستان کے بعد اسطرح کے بیانات سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خراب ہوسکتے ہیں۔ بھارتی ٹی وی کے مطابقپاکستانی حکومت نے اپنے میڈ یا کو خبردار کیا ہے کہ وہ کل بھوشن یادو کی گرفتاری کے بعد ایران کے خلاف رپورٹس جاری کرنے میں احتیاط سے کام لے کیونکہ اس سے دوطرفہ تعلقات پر منفی اثرات پڑسکتے ہیں۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق سفیر مسعود خان کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا کل بھوشن یادو کی گرفتاری کے بعد پاک ایران تعلقات کے حوالے سے بے بنیاد پروپگینڈہ کررہا ہے ۔ایران پاکستان کا قریبی اور برادرانہ دوست ملک ہے دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان قریبی تعلقات ہیں۔انکا کہنا ہے کہ ایران کی پاکستان میں مداخلت کی خبریں درست نہیں ہیں بھارتی میڈیا اس پر منفی پروپیگینڈہ کرنا بند کرے ۔انکا کہنا ہے کہ پاکستان چین اور ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔گزشتہ روز وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ا ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے موقع پر مقامی میڈیا میں آنے والی ‘منفی خبروں’ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی جاسوس کی گرفتاری کا معاملہ پاک ایران تعلقات سے نہ جوڑا جائے۔ یہ بات غلط ہے کہ ایران پاکستان میں دہشت گردی کے لیے سہولت کار کا کردار ادا کررہا ہے وفاقی وزیر داخلہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی ایرانی سفیر سے تفصیلی بات ہوئی ہے اور انھوں نے پاکستان کو برادر ملک قرار دیا ہے۔ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کو مثبت قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ ماہ ایرانی صدر حسن روحانی کے دورہ پاکستان کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے اپنے ایک جاری بیان میں دعوی کیا تھا کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف اور ایرانی صدر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں بلوچستان سے گرفتار ہونے والے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹ کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔تاہم ایرانی صدرنے بعد ازاں ایک پریس کانفرنس میں اس کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی جنرل راحیل شریف سے ملاقات میں ‘را’ ایجنٹ پر بات چیت نہیں ہوئی۔