متحدہ عرب امارات کے سفیر کی پاک بحریہ کے سربراہ سے ملاقات
کراچی:(ملت آن لائن) پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات کی، جس کے دوران علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول ہیڈکواٹرز میں ہونے والی ملاقات کے دوران پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بحری دہشت گردی اور قزاقی کے خلاف پاک نیوی کی کاوشوں اور عزم پر روشنی ڈالی۔
ترجمان کے مطابق متحدہ عرب امارات کے سفیر نے خطے کی میری ٹائم سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات اپنے بحری روابطﮐﻮ ﻣﺰﯾﺪ مضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہیں، اپریل 2014 میں دونوں ملکوں کی مشترکہ بحری مشقیں ‘نسل البحر’ کا انعقاد کیا گیا تھا، جو 6 روز تک جاری رہی تھی۔