اٹک:(اے پی پی)ڈی جی اے این ایف میجر جنرل ناصر دلاور شاہ کا کہنا ہے کہ منشیات کے سدباب کے لئے بین الا قوامی تعاون نا گزیر ہے جب کہ محفوظ پاکستان کے حصول کے لیے دہشت گردوں کی طرح منشیات فروشوں کی سرکوبی بھی ضروری ہے۔ اٹک میں اے این ایف کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل ناصردلاو ر شاہ کا کہنا تھا کہ اے این ایف کا کردارسب سے زیادہ قابل ذکر ہے، عالمی سطح پر اے این ایف کی کوششوں کوسراہا گیا جوقابل فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منشیات کے سدباب کے لئے بین الاقوامی تعاون نا گزیر ہے جب کہ محفوظ پاکستان کے حصول کے لیے دہشت گردوں کی طرح منشیات فروشوں کی سرکوبی بھی ضروری ہے۔ ڈی جی اے این ایف نے کہا کہ قوم 69 برسوں سے ایک امتحان سے گزر رہی ہے جب کہ 31 ملکی ادارے منشیات کی روک تھام کے لئے کام کر رہے ہیں، تعلیمی اداروں میں منشیات فراہم کرنے والے متعدد گروہ پکڑے ہیں، منشیات کی عفریت کا ملک سے خاتمہ کرنا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اے این ایف کے کورس کے لئے خصوصی سہولیات فراہم کیں جس پران کے شکر گزار ہیں۔